بنگلورو،11؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے لئے حال ہی میں بلا مقابلہ منتخب اراکین کونسل کانگریس ایم سی وینو گوپال اور جے ڈی ایس کے رمیش گوڈا نے آج اپنی کونسل رکنیت کا حلف لیا۔ کونسل کے عبوری چیرمین بسوراج ہوراٹی نے ان دونوں اراکین کو رکنیت اور رازداری کا حلف دلایا۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور، وزیر زراعت شیوشنکر ریڈی، رکن اسمبلی ایس پی سوم شیکھر، منی رتنا اور دیگر اہم شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔ کونسل کے لئے منتخب ایک اور رکن نصیر احمد نے آج حلف نہیں لیا۔ اس موقع پر رمیش گوڈا نے بعض میڈیا چینلوں کے خلاف ان کی طرف سے درج مقدموں کے متعلق سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہاکہ یہ معاملہ ان کے وکیل سنبھال رہے ہیں اسی لئے ٹی وی چینلوں کی طرف سے ان پر جو الزامات لگائے گئے ہیں ان کا جواب وہ عدالت میں ہی دینا مناسب سمجھیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دیگر امور پر بھی ذرائع ابلاغ سے بات کرنے سے انکار کردیا۔